اسلام آباد میں کالے بادلوں کے باعث دن میں اندھیرا چھا گیا، تیز ہواؤں کے بعد موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد جڑواں شہروں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔
ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسلام آباد کی مختلف شاہراوں پر پانی جمع ہونے لگا، آبپارہ میں پانی متعدد گھروں میں داخل ہوگیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا تاہم پولیس شہریوں کی مدد کرنے میں مصروف رہی۔
ادھر ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے بتایا کہ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں تعینات ہے۔
ترجمان واسا کے مطابق راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 29، پی ایم ڈی میں 30، گولڑہ میں 10 اور کچہری میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
اس کے علاوہ مری، باجوڑ اور چکوال کے گرد و نواح تلہ گنگ، لاوہ، کلرکہار اور چوآسیدن شاہ میں بھی شدید آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
آئیسکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئیسکو ریجن کےعلاقوں اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں طوفانی ہوائیں اور ژالہ باری سے 11 کے وی کے متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ، متعلقہ فیڈرز پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔ مختلف مقامات پر بجلی کی تاریں اور کھمبے درختوں اور سائن بورڈز کے گرنے سے متاثر ہوئے۔
انہوں نے صارفین کو بجلی کی تاروں کھمبوں ٹرانسفارمرز، میٹرز اور دیگر تنصیبات سے مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔