کراچی (نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش کی عبوری کونسل نے کہا ہے کہ حکومتی سربراہ محمد یونس کہیں نہیں جارہے ہیں ، غیر ملکی سازش ہوئی تو عوام کیساتھ کھڑے ہوں گے ، عبوری کابینہ میں منصوبہ بندی کے مشیر وحید الدین محمود نے کہا ہے کہ عبوری حکومت کا اپنے فرائض کی تکمیل سے قبل دستبردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، انہوں نے اپنے رہنما محمد یونس کے ممکنہ استعفے کے بارے میں قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ۔ وحید الدین محمود نے ہفتہ کے روز ملک کی جمہوری منتقلی کی نگرانی کرنے والے حکام کے ایک اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا، "ہم اپنے کام ادھورے نہیں چھوڑیں گے۔" قوم کا مستقبل اس کام پر منحصر ہے، اور ہمیں رکاوٹوں کے باوجود اسے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہوگا۔" ان کا کہنا تھا کہ محمد یونس نے یہ نہیں کہا کہ وہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمیں اپنے سپرد کردہ کام اور ذمہ داریاں نبھانے میں بہت سی رکاوٹوں کا سامنا ہے، لیکن ہم ان پر قابو پا رہے ہیں، مشاورتی کونسل کے ایک غیر متوقع اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مشیر کہیں نہیں جا رہا کیونکہ "ہم پر جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ بہت اہم ہے؛ ہم اس فرض کو ترک نہیں کر سکتے۔"