دولمہ ایک افغانی ڈش ہے، جو دیکھنے میں پکوڑوں سے ملتی جلتی لگتی ہے، لیکن حقیقتاً اسے گوبھی کے پتوں میں قیمے کا آمیزہ بھرکر دَم پہ پکاتے ہیں، چٹ پٹے دولمہ کو چپاتی سے کھائیں یا اس کے بغیر دونوں طرح خوب مزہ دے گی۔
اجزاء:۔
قیمہ ایک پاؤ، بندگوبھی، ایک عدد، (درمیانے سائز کی) چاول کھانے کے دو چمچے، پیاز دو عدد، ادرک پسی ہوئی چائے کا ایک چمچ، دھنیا پاوڈر حسبِ ضرورت، شکر چائے کا آدھا چمچہ، ہلدی تھوڑی سی، املی ایک چھٹانک، گھی حسب ِضرورت، نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ حسبِ ذائقہ۔
ترکیب:۔
املی دھوکر گرم پانی میں بھگودیں۔ پیاز باریک کاٹ کر گھی میں سرخ کرلیں۔ پیاز میں ادرک ، لہسن، دھنیا، ہلدی، نمک اور سرخ مرچ ڈال کر بھون لیں۔ جب مسالا بُھن جائے تو قیمہ اور چاول ڈال کر مزید بھونیں۔ اب ایک پیالی پانی ڈال کر پکنے دیں۔ چاول گل جائیں اور پانی خشک ہوجائے تو چند منٹ بھون کر چولہا بند کردیں۔
بھیگی ہوئی املی کو ہاتھ سے مسل کر اس کا گاڑھا گاڑھا عرق ایک پیالی میں نکال لیں، پھر اس میں شکر ملا دیں۔ گوبھی کے پتے علیحدہ کرلیں، خیال رہے کہ ٹوٹنے نہ پائیں پھر ان گوبھی کے پتّوں پر قیمے کا آمیزہ رکھ کر پتے کو رول کرکے دھاگے سے اچھی طرح باندھ دیں۔
ایک دیگچی میں باقی بچے ہوئے قیمے کے رول رکھیں۔ لیکن انہیں ایک کے اوپر ایک نہیں رکھنا۔ آخر میں املی کا عرق ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ ڈش میں احتیاط سے نکالیں کہ رول ٹوٹنے نہ پائیں۔ چاہیں تو گارنشنگ کے لیے ہرا دھنیا بھی ڈال سکتے ہیں۔ ( محمد صفدر خان ساغر راہوالی، گوجر انوالہ)