بنگلور میں انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی جیت کے جشن میں بھگدڑ مچنے سے11 افراد ہلاک 50 سے زائد زخمی ہوگئے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
بنگلور میں چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے آئی پی ایل جیتنے کی خوشی میں منائے جانے والے جشن میں بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل جیتنے والی ٹیم رائل چیلجز کے ہزاروں مداح جشن میں شرکت کےلیے اسٹیڈیم کے اطراف جمع ہوئے تھے، ہجوم کے بے قابو ہونے کے باعث اسٹیڈیم کے متعدد داخلی راستوں پر بھگدڑ مچ گئی۔
کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) نے آر سی بی کے تاریخی آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا تھا، جس کےلیے ٹیم کی احمدآباد سے واپسی کے بعد ہزاروں مداح اسٹیڈیم پہنچے تھے، کئی افراد کے پاس انٹری پاسز نہیں تھے، جس کی وجہ سے داخلے کے مقام پر شدید افراتفری پھیل گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق مداح دیواریں اور باڑیں پھلانگ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ پولیس نے صورت حال پر قابو پانے کےلیے لاٹھی چارج کیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔