پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی کاظمی کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو سوشل میڈیا سے دور رہتے ہیں۔
علی کاظمی نے ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُن سے یہ سوال پوچھا گیا کہ آپ کے سوشل میڈیا پر متحرک نہ ہونے کی وجہ کیا ہے؟
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں تھوڑے پرانے خیالات کا ہوں اور ہماری بچپن سے یہ تربیت کی گئی ہے کہ نیکی کرو اور دریا میں ڈالو یعنی کوئی بھی اچھا کام کرو اور کر کے بھول جاؤ۔
اداکار نے مزید کہا کہ اگر کام اچھا ہوگا تو دنیا اس کےلیے آپ کو سراہے گی، آپ کو خود اپنی تعریفیں نہیں کرنی پڑیں گی۔
اُنہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں ان لوگوں کی برائی نہیں کر رہا جو سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں چیزیں شیئر کرتے ہیں بس اپنے بارے میں بتا رہا ہوں کہ میں ایسا کیوں نہیں کرتا۔
علی کاظمی نے بتایا کہ میں اپنے والدین کے بارے میں بھی سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ شیئر نہیں کرتا کیونکہ وہ سوشل میڈیا پر نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی 30 جون کو میرے والد کی80ویں سالگرہ ہے تو میں اس دن میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ ان کے ساتھ وقت گزاروں۔
اداکار نے کہا کہ میرے والد راحت کاظمی سخت نظر آتے ہیں لیکن وہ بالکل بھی سخت نہیں ہیں جبکہ میرے دادا میرے والد کے ساتھ بہت سخت تھے انہوں نے میرے والد کو آرٹسٹ نہیں بننے دیا تھا میرے والد نے دادا کی خواہش پر قانون کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد آرٹسٹ بننے کےلیے بہت جدوجہد کی تھی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ میرے والدین کو ہمیشہ خوش رکھے، میری والدہ نے بھی کبھی میرے ساتھ سختی نہیں کی یہاں تک کہ میری بہن ہمیشہ یہ شکایت کرتی رہتی ہے کہ والدہ میرے ساتھ بہت زیادہ نرم سے پیش آتی ہیں۔
علی کاظمی نے کہا کہ ہمارے والدین نے ہمیں بہت کچھ سکھایا، انہوں نے ہمیں کبھی کسی کام سے نہیں روکا، ہر چیز کے بارے میں ہم سے کھل کر بات کی اور ہمیں انسانیت، مخلصی اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنا سکھایا۔