پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کی اداکاری نہیں بلکہ منفرد فیشن اسٹائل ہے۔
فہد مصطفیٰ ان دنوں اپنی آنے والی ہارر فلم زومبیڈ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی، فلم کی پروموشن کے دوران اداکار روزانہ نئے اور منفرد انداز اپناتے دکھائی دے رہے ہیں۔
حال ہی میں فہد مصطفیٰ نے ایک انسٹاگرام فِٹ چیک ریِل میں براؤنش گرے اوور سائزڈ کوٹ، الٹرا وائیڈ لیگ پینٹس اور لمبے بالوں کے ساتھ اپنا نیا لک مداحوں کو دکھایا، تاہم ان کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو کچھ خاص پسند نہیں آیا۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے فہد مصطفیٰ کے اسٹائل کو چھپری لک قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی۔
کچھ صارفین نے اداکار کے نئے انداز کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمر کے اس حصے میں انہیں زیادہ مچیور انداز اپنانا چاہیے، جبکہ بعض نے ان کے اسٹائل کا موازنہ بھارتی گلوکار ہمیش ریشمیا سے بھی کیا۔
دوسری جانب فہد مصطفیٰ کے مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کے منفرد فیشن سینس کو سراہتے ہوئے کہا کہ اداکار نئے انداز آزمانے کا حوصلہ رکھتے ہیں اور انہیں تنقید کے بجائے اپنی پسند کے مطابق جینے کا حق حاصل ہے۔