• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرولنگ پر زارا نور عباس والدہ اسماء عباس کے حق میں بول پڑیں

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس آرٹ اور اظہارِ رائے پر ٹرولنگ پر والدہ اسماء عباس کے حق میں بول پڑیں۔

اسماء عباس پاکستان کی سینئر اداکارہ اور میزبان ہیں جو اپنی جاندار اداکاری اور بے باک شخصیت کے باعث مداحوں میں خاصی مقبول ہیں، وہ متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی شاندار پرفارمنس کے باعث خوب تعریفیں سمیٹ چکی ہیں۔

حال ہی میں اسماء عباس نے اپنے برانڈ کی عید کلیکشن متعارف کروائی، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اس کلیکشن کو بھارتی پنجابی ثقافت سے متاثر قرار دیتے ہوئے اداکارہ کو شدید تنقید اور ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔

اب زارا نور عباس اپنی والدہ کے دفاع میں سامنے آ گئی ہیں، انہوں نے ایک انفلوئنسر کی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو جواب دیا ہے اور اپنی والدہ کی حمایت میں جذباتی پیغام لکھا ہے۔

زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر لکھا ہے کہ ایک ایسے ملک میں جہاں اظہارِ رائے کی آزادی کو بھی ٹرولنگ کا جواز بنا لیا جاتا ہے، خاص طور پر جب بات آرٹ اور سیلف ایکسپریشن کی ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسماء عباس! آپ کمال ہیں اور میں آپ سے محبت کرتی ہوں کیونکہ آپ حقیقت پسند اور منفرد ہیں، کسی کو خوش کرنے کے لیے خود کو تبدیل نہیں کرتیں۔

زارا نور عباس کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، کچھ صارفین نے اسماء عباس کے منفرد فیشن سینس اور تخلیقی انداز کی تعریف کی ہے، جبکہ بعض نے اب بھی ان کے ڈیزائنز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مداحوں کی بڑی تعداد نے ماں بیٹی کے مضبوط رشتے اور زارا نور عباس کی کھل کر حمایت کرنے کے انداز کو بھی سراہا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید