پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنا ہمارے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
اپنے بیان میں شاہد خان آفریدی نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کےلیے پاکستان کی کوششوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور اس ذمہ داری کو بہترین انداز میں نبھانے کے لیے دعا بھی کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے منگل کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی، یہ کردار اگرچہ علامتی نوعیت رکھتا ہے تاہم موجودہ عالمی حالات میں اس کی اسٹریٹیجک اہمیت غیر معمولی ہے۔
پاکستان کا یہ سلامتی کونسل میں آٹھواں دور ہے، جبکہ صدارت کا اعزاز اسے 2013 کے بعد پہلی بار حاصل ہوا ہے۔
پاکستان نے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنا موجودہ 2 سالہ دور جنوری 2025 میں شروع کیا تھا، جو دسمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اگرچہ سلامتی کونسل کی صدارت ماہانہ بنیاد پر بدلتی ہے اور اسے براہِ راست انتظامی اختیارات حاصل نہیں ہوتے، تاہم صدارت کا حامل ملک کونسل کے ایجنڈے، مباحثوں کے انداز اور ترجیحات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔