• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلات فائرنگ: قوال ندیم صابری تفصیل بتائے ہوئے آبدیدہ، بھائی اور بھتیجا شہید ہوگئے، ماجد صابری

کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر قلات کے قریب ہونے والے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے میں 3 مسافر شہید ہو گئے۔

قوال ماجد صابری نے واقعے سے متعلق جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بس پر دہشتگردوں کے حملے میں ان کے بھائی احمد صابری اور بھتیجا رضا صابری واقعے میں شہید ہوئے۔

ماجد صابری کا کہنا ہے کہ گاڑی میں ہمارے قوال گروپ کے 17 افراد سوار تھے، مجھے صبح جہاز سے کوئٹہ جانا تھا، جہاں ہمارے گروپ کی پرفارمنس تھی۔

بس میں معروف قوال ندیم صابری بھی موجود تھے جو کراچی سے کوئٹہ جارہے تھے، جو حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

قلات بس حادثہ میں بچ جانے والے مسافروں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے،  بس میں موجود بچ جانے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

قوال ندیم صابری کا کہنا ہے کہ ہم قوالی کے فنکشن کیلئے جا رہے تھے اور اپنی منزل پر پہنچنے والے تھے کہ یہ واقعہ ہوا۔ ہم قوال لوگ ہیں ہمارا کیا قصور تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کیلئے دعا کرتے ہیں ہمیں دہشت گردوں نے کس بات کی سزا دی۔ فائرنگ سے ہمارے دیگر ساتھی زخمی ہوئے، ہمارا سارا سامان تباہ ہوگیا۔

ایک اور بچنے والے مسافر نے کہا کہ ہم کراچی سے کوئٹہ جا رہے تھے کہ اچانک حملہ ہوا، ہمارے ساتھ بہت زیادتی ہوئی، ہم غریب اور مزدور لوگ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید