پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی نے فتح گڑھ لاہور میں ڈاکٹرز کے نسخے اور مریضوں کی ضرورت کے بغیر خون جمع کرنے والا بلڈ بینک اینڈ پلازما سینٹر سیل کر دیا۔
محکمۂ صحت پنجاب کے ترجمان کے مطابق سیکریٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر عبد الرحمٰن نے یو پی ایچ بلڈ بینک اینڈ پلازما سینٹر فتح گڑھ کا اچانک دورہ کیا۔
اس دوران ڈونرز کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال میں بے ضابطگیوں سے متعلق انکشاف ہوا۔
محکمۂ صحت پنجاب کے ترجمان کے مطابق پی بی ٹی اے کی منظوری کے بغیر ہی پلازمہ بیرونِ ملک بھجوایا گیا تھا، انتقالِ خون ایک غیر منافع بخش کاروبار ہے جس کو منافع بخش کاروبار کے طور پر چلایا جا رہا تھا۔
ڈاکٹر عبدالرحمٰن کے دورے کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے دو معروف نجی اسپتال خون کی اس غیر قانونی تجارت میں ملوث ہیں۔