چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا مصر کے سرکاری دورہ پر قاہرہ پہنچ گئے جہاں انھوں نے تیسرے دفاعی و سیکیورٹی مذاکرات میں شرکت کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی، وزیرِ دفاع اور کمانڈر اِن چیف سے ملاقاتیں کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیئرمین و ایم ڈی سوئز کینال اتھارٹی ایڈمرل اسامہ منیر محمد ربیع سے بھی ملاقات کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے جامعہ الازہر کے عظیم امام پروفیسر ڈاکٹر احمد محمد احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں دو طرفہ دفاعی تعاون، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے تربیت اور مشترکہ مشقوں میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور موجودہ فوجی روابط کو مزید وسعت دینے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جامعہ الازہر کے امام سے گفتگو میں مذہبی رواداری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مصری قیادت نے پاک افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا، مصری قیادت نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو مصری وزارتِ دفاع آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔