سرپرائز ……
بیٹی کی پانچویں سالگرہ کا واقعہ ہے۔
وہ اُس شام پانچ تحائف لایا،گاڑی میں ہی رہنے دیئے ،کہ سرپرائز دے گا۔
صبح دَم جب اُٹھے گی تو کمرے میں اپنے پسندیدہ کھلونوں کو پاکر حیران رہ جائے گی۔
اگلے ہی لمحے خوشی سے کمرہ بھرجائےگا۔
وہ منہ اندھیرے جاگ گیا اور گاڑی سے کھلونے لینے باہر گیا،
مگر وہاں گاڑی نہیں تھی۔
چوری کی اطلاع رشتہ داروں اور دوستوں میں پھیل گئی۔
ہر کوئی افسوس کرتا پایا گیا۔بیٹی کی خوشیاں بیچ میں رہ گئیں۔
آج بیٹی کی پچیسویں سالگرہ ہے۔
بیس برس ہوئے ،اُس نے سرپرائز دینا چھوڑا ہوا ہے۔