• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویرات کوہلی کی تازہ تصویر دیکھ کر مداح پریشان

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

معروف بھارتی بیٹنگ سپر اسٹار ویرات کوہلی کی آج ایک نئی تصویر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی کی یہ تصویر لندن سے سوشل میڈیا پر جاری ہوئی ہے جس میں وہ شش کیرن نامی شخص کے ساتھ موجود ہیں، اگرچہ سوشل میڈیا پر اس شخص کی شناخت کے حوالے سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم سب کی توجہ تصویر میں ویرات کی سفید داڑھی نے حاصل کر لی۔

ویرات کوہلی اس تصویر میں خاصے مختلف نظر آ رہے ہیں، حتیٰ کہ وہ پہچانے بھی نہیں جا رہے اور ان کی داڑھی کی سفیدی نے سب کو چونکا دیا ہے۔

ویرات کوہلی کی عمر اب 36 سال ہو چکی ہے اور وہ 37 کے قریب پہنچ رہے ہیں، تو یہ حقیقت ان کے مداحوں کے لیے ایک دھچکا ثابت ہوئی ہے۔

10 جولائی کو یوراج سنگھ کی میزبانی میں ہونے والی تقریب میں آخری بار منظرِ عام پر آنے کے ایک ماہ سے بھی کم عرصے بعد کوہلی کی ظاہری شکل نے مداحوں کو حیران اور پریشان کر دیا ہے۔

اس یو وی کین (YouWeCan) تقریب کے دوران ہی کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کی تھی۔

اگرچہ ویرات کوہلی نے تفصیل سے وضاحت نہیں کی تھی، لیکن انہوں نے یہ ضرور کہا تھا کہ میں نے ابھی دو دن پہلے اپنی داڑھی کو کلر کیا ہے، جب آپ ہر چار دن بعد داڑھی رنگنے لگیں تو سمجھ جائیں وقت آ گیا ہے۔

یہ جملہ سوشل میڈیا پر میمز کا موضوع بن گیا اور لوگوں نے سمجھا کہ وہ اصل بات کو مزاح کے پیچھے چھپا رہے ہیں لیکن اب جب ان کی داڑھی میں واضح سفیدی دیکھی گئی تو ان کا یہ تبصرہ سچ معلوم ہونے لگا۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کوہلی کی سفید داڑھی نے تمام تر توجہ حاصل کی ہو، جولائی 2023ء میں کوہلی نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی تھی، جس میں ان کی داڑھی میں بڑھتی ہوئی سفیدی خود پوسٹ سے زیادہ وائرل ہو گئی تھی، ایم ایس دھونی کی طرح کوہلی کی داڑھی بھی کافی جلدی سفید ہو گئی۔

یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ بھارتی کرکٹ میں کپتانی کوئی آسان کام نہیں ہے اور یہ کسی بھی دوسری چیز سے زیادہ ذہنی دباؤ ڈالتی ہے۔

درحقیقت جب کوہلی نے 2022ء کے اوائل میں بھارت کی ٹیسٹ کپتانی سے استعفیٰ دیا تھا تو ان کی اہلیہ انوشکا شرما نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ ایم ایس دھونی، آپ اور میں بات کر رہے تھے اور وہ مذاق کر رہے تھے کہ آپ کی داڑھی کتنی جلدی سفید ہونا شروع ہو جائے گی، ہم سب اس پر خوب ہنسے تھے، اس دن کے بعد سے میں نے صرف آپ کی داڑھی کو سفید ہوتے نہیں دیکھا، میں نے آپ کی بے پناہ ترقی بھی دیکھی۔

کوہلی نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز میں بھارت کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، اگرچہ یہ فیصلہ متوقع تھا تاہم کوئی بھی اس کے لیے تیار نہیں تھا کہ وہ ایک سال سے بھی کم عرصے بعد ٹیسٹ فارمیٹ کو بھی الوداع کہہ دیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید