• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ون ڈے، شائے ہوپ کی سنچری، سیلز کا طوفانی اسپیل، پاکستان کو ناکوں چنے چبوا دیئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹرینیڈاڈ میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں شائے ہوپ اور جیڈن سیلز کے طوفانی اسپیل نے پاکستان کو ناکوں چنے چبوادیے۔ میزبان ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو مقررہ 50اوورز میں 295 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ جواب میں آخری اطلاعات تک گرین شرٹس نے چار وکٹ پر 12 اوورز میں 34 رنز بنائے تھے۔ صائم ایوب، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق صفر جبکہ بابراعظم نو رنز بناکر جیڈن سیلز کا شکار بن چکے تھے۔ منگل کو قبل ازیں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ ان کا یہ فیصلہ سود مند ثابت نہ ہوسکا۔ ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹ پر 294 رنز بنائے، کپتان شائی ہوپ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اپنی 18ویں سنچری مکمل کی انہوں نے94گیندوں پر دس چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے120رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے ساتھ جسٹن گریوز43رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، گریوز نے24گیندوں کا سامنا کیا ان کے اسکور میں چار چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے، اوپنربرینڈن کنگ نے پانچ رنز بنائے، کارٹی کسی 17، ایون لوئیس 37بناکر آؤٹ ہوئے، پاکستانی بولرز نے ابتداء میں نپی تلی بولنگ سے میزبان بیٹرز کو پریشان رکھا، 113رنز پر اس کے چار بیٹسمین پویلین پہنچ گئے، تاہم بعد میں پاکستانی بولنگ اٹیک متاثر کن نہ رہ سکا۔ روسٹن چیز نے تین چھکوں، دو چوکوں کی مدد سے29 گیندوں پر36رنز کی اننگز کھیلی، شرفین ردر فورڈ15رنز بناسکے۔ گوڈاکیش موشن صرف پانچ رنز بناکر میدان چھوڑ گئے، شائی ہوپ اور شرفین کے درمیان پانچویں وکٹ کے لئے64رنز کی شراکت ہوئی، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے72 ، ابرار احمد نے34 رنز کے عوض دو، دو وکٹ لئے۔ صائم ایوب 36اور محمد نواز60رنز دے کر ایک، ایک وکٹ لے سکے۔ آخری 5 اوورز میں پاکستانی بولرز نے 70 رنز دیے، نسیم اور حسن کی انتہائی ناقص بولنگ دکھائی دی جس نے پاکستان کو پریشانی میں ڈال دیا، حسن علی نے60رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

اسپورٹس سے مزید