مصنف: خالد محمود فیصل
صفحات: 256، قیمت: درج نہیں
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل۔یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
علّامہ عبدالستار عاصم جہاں دیدہ آدمی ہیں۔ اچھی اور معیاری کتابوں کی اشاعت اُن کا محبوب مشغلہ ہے اور یہ کتاب بھی اُن کی نگاہِ انتخاب کا مظہر ہے۔ خالد محمود فیصل ادب اور سماج سے جُڑے ہوئے ہیں، اِن دونوں حوالوں سے اُن کی کتابیں منظرِ عام پر آتی رہتی ہیں۔ زیرِ نظر کتاب اُن کے کالمز کا مجموعہ ہے، جو لاہور کے ایک اخبار میں تواتر سے شائع ہوتے رہے۔
کتاب80کالمز پر مشتمل ہے۔ بقول مصنّف’’ یہ محض کالم نہیں، نہ ہی کسی ایک موضوع تک محدود تحریریں ہیں، بلکہ کالم کے رنگ میں حسرتوں، محرومیوں، خوشیوں اور محبّتوں کا تذکرہ ہے۔‘‘اُنہوں نے اپنے کالمز میں قومی مسائل، سماجی مشکلات اور نا آسودہ خوابوں کو موضوع بنایا ہے اور کوشش کی ہے کہ ان کے ممکنہ حل بھی پیش کردئیے جائیں۔ ساتھ ہی اپنی تحریروں میں تمام طبقات کی آواز بننے کے ساتھ، نئی نسل کو اسلامی تہذیب وثقافت سے بھی آگاہی دی ہے۔
نیز، یہ کوشش بھی کی ہے کہ سیاسی موضوعات سے صرفِ نظر کرکے سماجی اور معاشرتی مسائل زیرِ بحث لائے جائیں۔ اُنہوں نے ممتاز ادبی، سیاسی، سماجی، قانونی اور صحافتی شخصیات قاضی حسین احمد، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر مبارک علی، ایس ایم ظفر، الطاف حسن قریشی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ڈاکٹر امتیاز رسول اور جبار مفتی کی کتب پر بے لاگ تبصرے بھی کیے ہیں۔