مصنّف: ڈاکٹر اشفاق احمد ورک
صفحات: 200، قیمت: 1500 روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101- 0300
زیرِ نظر کتاب اُن مشاہیر کے خطوط پر مشتمل ہے، جو ڈاکٹر اشفاق احمد ورک کے نام آئے۔ یہ کتاب ڈاکٹر حمیرا ارشاد اور عبیرہ احمد نے مرتّب کی ہے۔ ڈاکٹر اشفاق احمد ورک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ شاعر، ادیب، نقّاد، محقّق، طنز و مزاح نگار اور سفرنامہ نگار۔ اُن کی زندگی کے کس رُخ پر بات کی جائے کہ اُن کی زندگی کا ہر پہلو روشن اور تاب ناک ہے۔ یہ کتاب چالیس خطوط پر مشتمل ہے اور خطوط کے عکس بھی موجود ہیں، جس سے بڑے لوگوں کا طرزِ تحریر بھی سامنے آیا۔
چند خطوط نگاروں کے نام ملاحظہ فرمائیں: ممتاز مفتی، میرزا ادیب، سیّد ضمیر جعفری، احمد ندیم قاسمی، محمّد خالد اختر، ڈاکٹر مظہر محمود شیرانی، انور مسعود، پروفیسر فتح محمّد ملک، عطاالحق قاسمی، نیلم احمد بشیر، ڈاکٹر رؤف پاریکھ، ڈاکٹر عقیلہ شاہین، انوار احمد علوی، ڈاکٹر اوجِ کمال، شاہد حنائی اور کرن سنگھ۔ اِتنی نام وَر شخصیات کے خطوط نے اِس کتاب کو ایک تاریخی دستاویز بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر اشفاق احمد ورک قابلِ مبارک باد ہیں کہ اُنہیں ایسی عظیم شخصیات کا قرب نصیب ہوا۔ نیز، یہ خطوط اُن کے گراں قدر ادبی سرمایہ ہے۔’’ خط سے خبط‘‘ تک کے عنوان سے اُن کا پیش لفظ بھی انتہائی جان دار ہے۔ کتاب کا انتساب ممتاز مفتی، مشتاق احمد یوسفی، میرزا ادیب، محمّد خالد اختر اور سیّد ضمیر جعفری کے نام ہے۔