کراچی میں آج انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر بھر میں آج شدید بارش کے بعد انٹرنیٹ اور موبائل سروس شدید متاثر ہوئی ہیں۔
دوسری جانب شہر کے کئی علاقے بھی بارش کی پہلی بوند پڑنے کے بعد سے بجلی سے محروم ہیں۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 2، 3 اور 5 سمیت مختلف بلاکس میں کئی گھنٹوں سے بجلی معطل ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔
کراچی کے جناح اسپتال میں بھی کئی گھنٹوں تک میڈیکل وارڈ 5 کی بجلی معطل رہی۔
اسکیم 33 اسکاؤٹ کالونی میں صبح 12 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا جنریشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام مستحکم ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کی سپلائی کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کراچی کو 2100 میں سے 1330 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حفاظتی طور پر بجلی چوری والے علاقوں میں بجلی عارضی طور پر منقطع کی ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بارش کے پانی کے باعث بجلی کی بحالی کے کاموں میں دشواری کا سامنا ہے، جمع شدہ بارش کا پانی کم ہونے اور سیفٹی کلیئرنس ملتے ہی بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔