پاک فضائیہ (پی اے ایف) گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف آپریشن میں پیش پیش ہے۔
پاکستان ایئر فورس گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ریلیف آپریشن سر انجام دے رہی ہے، مشکل موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باوجود پاک فضائیہ کے سی 130 طیاروں نے پی اے ایف بیس نور خان سے 7 ٹن خشک راشن، روزمرہ استعمال کی اشیاء اور جان بچانے والی ادویات گلگت پہنچائیں۔
یہ سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے دور دراز سیلاب متاثرہ وادیوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ مواصلاتی نظام ٹوٹنے کے باعث محصور خاندانوں تک امداد پہنچ سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کی ریلیف ٹیم نے متاثرہ علاقوں میں پھنسے 75 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل بھی کیا۔
یہ بروقت اور منظم اقدام ملک بھر میں جاری ہنگامی امدادی مہم کا حصہ ہے جو اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ مسلح افواج پاکستان قدرتی آفات کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق آنے والے دنوں میں پاک فضائیہ کے طیارے اور ٹیمیں ریلیف آپریشن جاری رکھیں گی اور سیلاب متاثرین کو خوراک، ادویات، عارضی رہائش اور طبی سہولتیں فراہم کرتی رہیں گی۔
پاک فضائیہ کے بروقت اور بھرپور ردعمل نے گلگت بلتستان کے متاثرہ خاندانوں میں نئی امید پیدا کی ہے اور ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔