• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشن مشکل، ارادے بلند، پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ گئی، سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ میں شرکت کرے گی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شارجہ میں تین ملکی ٹورنامنٹ کے بعد دبئی اور ابوظبی میں ایشیا کپ کے مشکل مشن پر بلند ارادے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم بدھ کو کراچی، لاہور پشاور اور اسلام آباد سے چار گروپ میں دبئی پہنچ گئی۔ پاکستانی ٹیم دونوں ٹورنامنٹس کی تیاریوں کے سلسلے میں کرکٹرز دبئی میں ایک ہفتے کے پری سیریز تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے اور چند پریکٹس میچ بھی کھیلیں گے۔ پاکستان ٹیم 21 سے 27اگست تک پری سیریز ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی۔ پاکستان ٹیم آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ سیشن میں شریک ہوگی۔ کیمپ کے دورا ن انٹرا اسکواڈ میچ بھی کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ جمعے کی شام سات بجے دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سہ ملکی سیریز کا آغاز 29اگست سے ہوگا اور فائنل سات ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد نو ستمبر سے ایشیا کپ کا آغاز ہوگا۔ منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ ابھی ایشیا کپ کی ٹکٹوں کی فروخت شروع نہیں ہوئی اس وقت کچھ لوگ فراڈ کرتے ہوئے جعلی ٹکٹ فروخت کررہے ہیں جن پر داخلہ نہیں ملے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل جلد ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کرے گی۔ دوسری جانب بھارت کے ٹیسٹ کپتان شمبن گل دبئی میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی بھارتی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ منگل کو بھارت نے ٹورنامنٹ کے لئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ انہیں اکشر پٹیل کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت سوریا کمار یادیو کریں گے۔ جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ اور کلدیپ یادوکو بولنگ اٹیک کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ یشسوی جیسوال اور شریاس ایئر اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ بھارتی ٹیم سوریا کمار یادیو (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، سنجوسیمسن، ہرشیت رانا اور رنکو سنگھ پر مشتمل ہے۔

اسپورٹس سے مزید