کراچی میں 2 روز کی بارش کے دوران پریشانی پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں سے معذرت کر لی۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کراچی میں 200 ملی میٹر بارش سے اربن فلڈنگ ہوئی، 3 گھنٹے موسلادھار بارش کے بعد بٹن دبا کر سارا پانی نہیں نکال سکتے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ برسات وقفے وقفے سے ہوتی تو مسائل اتنے نہ ہوتے، بلدیہ عظمیٰ نے تمام مرکزی نالوں کی ایڈوانس میں صفائی کرائی ہوئی تھی، جب پانی کی مقدار زیادہ ہوگی تو نکلنے میں وقت لے گا۔
میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کی تمام بڑی سڑکیں اس وقت کلیئر ہیں اور کہیں پر بھی بارش کا پانی جمع نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی ایریا میں لگے جماعت کے جھنڈوں پر غور نہ کریں یہ کام ہم نے کرایا ہے، نالوں کی بروقت صفائی کی وجہ سے گراؤنڈ پر صورتحال بہتر ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر ڈبو دیا تھا جس کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتِ حال پیدا ہوئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہوئے۔