بنگلادیش آرمی کے کوارٹر ماسٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل فیض الرحمان نے جمعہ کو جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو اجاگر کیا اور دفاعی تعاون کے نئے پہلوؤں کی نشاندہی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر بنگلادیشی فوج کے کوارٹر ماسٹر جنرل نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔