نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وہ دورے کی دعوت دینے پر بنگلادیش حکومت کے شکر گزار ہیں۔ کئی برسوں بعد بنگلا دیش کے دورے پر آنا انتہائی خوشی کا باعث ہے ۔
پاکستانی ہائی کمیشن ڈھاکا میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بنگلادیش میں تمام شراکت داروں کے ساتھ روابط کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کے عوام خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافت پر مبنی برادرانہ تعلقات ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، سلامتی خطرات سمیت مختلف چیلنجز در پیش ہیں، چیلینجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک سال میں فروغ ملا ہے، تجارت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں، بنگلادیش کا سارک میں اہم کردار ہے، خطے کی ترقی کے لیے سارک کو مزید فعال بنانا ہوگا، دونوں ممالک کے عوام باہمی تعلقات پر مبنی تعلقات کے خواہاں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اعزاز میں ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر کے استقبالیہ میں بنگلادیشی حکومت کے مشیران، بیوروکریٹس، سیاسی جماعتوں کے رہنما شریک، وائس چانسلرز، دانشور، تھنک ٹینکس، کھلاڑی اور فنکار شریک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان بھی استقبالیہ میں شریک تھے۔