امریکی ریاست نیوجرسی میں پاکستان ڈے پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔
پاکستان سفارتخانہ کے ترجمان کے مطابق پاکستانی امریکن کمیونٹی کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی تقریب میں سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ، نیویارک میں قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی سمیت دیگر کمیونٹیز نے شرکت کی۔
پاکستان سفارتخانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پریڈ میں پاکستان کی متنوع ثقافت، دستکاریوں اور روایتی کھانوں کے عکاس اسٹالز لگائے گئے، پاکستانی فنکاروں نے قومی نغمے بھی پیش کیے۔
پاکستانی سفیر، رضوان سعید شیخ نے پریڈ سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی قوم کی تاریخ میں کا لمحۂ فخر ہے، اس سال کی تقریبات کو بنیان المرصوص میں پاکستان کی حالیہ کامیابی نے مزید خوشی اور اتحاد بخشا۔
پاکستانی سفیر نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمات اور آئس ہاکی ٹیم کی کامیابی کو بھی سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی پاکستانیوں کی ترقی اور امریکا میں کردار پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، مثبت شہری کردار ادا کرنا نہایت اہم ہے۔