• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ریلوے کا ’ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام‘ کا آغاز

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پاکستان ریلوے نے اپنے نظام کو جدید بنانے اور اسے مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔

پاکستان ریلوے کے مطابق ڈیجیٹل پروگرام کے آغاز کا مقصد ٹرینوں کی حفاظت کو بہتر بنانا، تاخیر میں کمی لانا اور مسافروں و مال برداری کی خدمات کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

 ڈیجیٹل پروگرام کے تحت اہم سیکشنز پر جدید کمیونیکیشن اور سگنلنگ سسٹم نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹرین آپریشن کو محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے۔ 

اس پروگرام میں لانڈھی، جمعہ گوٹھ، بادل نالہ اور سرحد اسٹیشنز پر کمپیوٹرائزڈ انٹر لاکنگ سسٹم کی تنصیب شامل ہے جو مینوئل کنٹرولز کی جگہ لے گا۔ 

اس جدید نظام سے ٹرینوں کی روانگی اور راستہ طے کرنے کے عمل میں بہتری آئے گی اور حادثات کے خدشات میں کمی ہوگی۔

مزید برآں، کراچی سے لاہور سیکشن پر ٹیلی کام سسٹم کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جس کے تحت ڈیجیٹل مائیکرو ویو ریڈیو کمیونیکیشن سسٹم متعارف کروایا جارہا ہے تاکہ ٹرین آپریشن کے لیے ڈیٹا کی محفوظ اور بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جاسکے۔

اسی طرح راولپنڈی، لاہور، سکھر اور کراچی ڈویژنز میں ’پُش ٹو ٹاک‘ ڈیجیٹل کمیونیکیشن نیٹ ورک بھی متعارف کروایا جارہا ہے جو فیلڈ اسٹاف اور کنٹرول رومز کے درمیان ریئل ٹائم رابطے کو مزید مضبوط کرے گا۔

ریلوے کے حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل پروگرام سے پاکستان ریلوے کے مجموعی ڈھانچے میں انقلابی تبدیلی آئے گی اور مسافروں سمیت فریٹ سروسز کو بھی عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جاسکے گا۔

قومی خبریں سے مزید