مصنّف: شبّیر ناقد
صفحات: 144 ، قیمت: 1200روپے
ناشر: اردو سخن، آرٹ لینڈ، اردو بازار، چوک اعظم، لیہ۔
فون نمبر: 7844094-0302
زیرِ نظر کتاب، ابوالبیان ظہور احمد فاتح کے دو شعری مجموعوں’’ہمارے لفظ بولیں گے‘‘ اور’’شام زمستاں‘‘ پر تنقیدی و توصیفی مضامین پر مشتمل ہے، جو اُن کے ہونہار شاگرد، شبّیر ناقد نے تحریر کیے ہیں۔ شبّیر ناقد سے متعلق ہم بارہا لکھ چُکے ہیں کہ وہ ’’سراپا ادب‘‘ ہیں اور اُنہوں نے اِتنا کام کیا ہے، جو بڑے بڑے ادارے بھی نہیں کر سکتے۔ ظہور احمد فاتح خوش قسمت ہیں کہ اُنہیں محنتی اور محبتی شاگرد ملا۔
یہ کتاب چھے ابواب پر مشتمل ہے، جن کی تفصیل ملاحظہ فرمائیے: ظہور احمد فاتح کا معقولیت آمیز کلام، ظہور احمد فاتح کا سخن مثالیت کے آئینے میں، ظہور احمد فاتح کا تصوّرِ مشرق، ظہور احمد فاتح کا پندارِ انا، ظہور احمد فاتح کے ہاں احساسِ ذمّے داری، ظہور احمد فاتح بحیثیت روایت پسند شاعر۔ کسی شخصیت کی اتنی جہتوں کا احاطہ کرنا کوئی آسان کام نہیں۔
ظہور احمد فاتح صرف شاعر ہی نہیں، ادیب اور نقّاد بھی ہیں۔ وہ پرانے دَور کے آدمی ہیں، لیکن نئے دَور کے تقاضے بھی پورے کر رہے ہیں۔ شبّیر ناقد نے اپنی تمام کتابوں کی فہرست دی ہے، تاہم اگر وہ اپنے استاد کی کتابوں کی فہرست بھی دے دیتے، تو کتاب دو آتشہ ہو جاتی۔