مصنّفہ: ساجدہ کاظمی
صفحات: 176 ، قیمت: 1000روپے
ناشر: الحمد پبلی کیشنز، گلشنِ اقبال، کراچی۔
فون نمبر: 2830957-0322
زیرِ نظر کتاب کی مصنّفہ، ساجدہ کاظمی گزشتہ کئی برس سے شکاگو(امریکا) میں مقیم ہیں۔ اُن کی شاعری وہیں پروان چڑھی، لیکن اُنہوں نے وہاں رہتے ہوئے بھی اپنی تہذیبی اقدار و روایات عزیز رکھیں۔ ساجدہ کاظمی کا طویل عرصہ کراچی میں گزرا اور وہ امریکا میں رہ کر بھی’’دبستانِ کراچی‘‘ سے جڑی ہوئی ہیں۔ شاعرانہ آہنگ بھی وہی ہے، جو کراچی کی پہچان ہے۔ اِس کتاب میں اُن کی 114غزلیں اور 18نظمیں شامل ہیں۔
پیش لفظ، معروف ادیب اور افسانہ نگار، ڈاکٹر ارشد رضوی نے تحریر کیا ہے۔ فلیپ پر خیام الپاک ظفر محمّد خان ظفر اور ڈاکٹر شاداب احسانی کی آراء شامل ہیں۔ ساجدہ کاظمی کی زندگی اور شاعری میں بڑی حد تک یک سانیت ہے۔ اُنہوں نے اپنی زندگی کا کوئی پہلو شاعری سے چُھپا کر نہیں رکھا، اُن کی غزلوں میں شفتگی اور جذبات کی نرم و لطیف آنچ کے ساتھ ساتھ، رنگ و آہنگ کا تیکھا پن بھی نمایاں نظر آتا ہے۔ فطری شاعری، اپنی ایک پہچان اور اعتبار رکھتی ہے۔ ساجدہ کاظمی کی شاعری بھی اپنی پہچان اور اعتبار کے باوصف، روشن حروف کی شاعری ہے۔ حرف کی روشنی، فنا نہیں ہوتی، اپنے قاری کی آنکھوں کے راستے سے دل میں بسیرا کر لیتی ہے۔