• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصدق ملک کا دورہ کراچی، میئر مرتضیٰ وہاب کی بریفنگ

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کراچی کا تفصیلی دورہ کیا، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے انہیں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور کلفٹن پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کرایا۔

مصدق ملک کو میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے پانی اور سیوریج منصوبوں پر بریفنگ دی، جس میں دیگر اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔

وفاقی وزیر کو ٹریٹمنٹ پلانٹ تھری لے جایا گیا، جہاں انہیں گندے پانی کو صاف کرنے کے مراحل دکھائے گئے، بعد ازاں لگونز اور آر او پلانٹ کا معائنہ بھی کرایا گیا، جہاں حکام نے بتایا کہ پانی کو پانچ سو ٹی ڈی ایس تک صاف کر کے صنعتوں کو فراہم کیا جائے گا، منصوبہ اپنے آخری مراحل میں ہے اور جلد فعال ہوگا۔

میئر کراچی نے بتایا کہ سائٹ ایریا کی صنعتوں کو یومیہ 35 ملین گیلن پانی درکار ہے، اگر یہ ضرورت ٹریٹ شدہ پانی سے پوری کی جائے تو شہریوں کے لیے پینے کا پانی بچایا جا سکتا ہے جبکہ صنعتوں سے حاصل ہونے والی آمدنی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ملے گی، جس سے ادارے کا انفرااسٹرکچر بہتر بنایا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر نے میئر کراچی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کے لیے بین الاقوامی معیار کے منصوبے خوش آئند ہیں اور مستقبل میں ان میں عالمی اداروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی کراچی کے پانی، سیوریج اور ماحولیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید