وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے ہونے والے تمام نقصانات کا ازالہ کرنے کا وعدہ کرلیا۔
شاہدرہ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہمارے 3 دریاؤں میں پانی کا شدید دباؤ ہے۔ نارووال مکمل طور پر ڈوبا ہوا ہے، سیالکوٹ میں برا حال ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز نے دن رات کام کر کے لوگوں کا انخلا کیا، اگر تیاری نہ ہوتی تو جیسا سیلاب آیا ہے نقصان کافی ہوتا۔ پنجاب کی انتظامیہ نے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مال مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔ گجرات میں بری صورتحال تھی۔ انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام پانی سے دور رہیں، والدین بھی اپنے بچوں کو سیلابی مقامات سے دور رکھیں۔ پنجاب حکومت ہر سیلاب متاثرین تک پہنچے گی اور نقصان کا ازالہ کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام ڈی سیز، سول ڈیفنس اور ریسکیو اداروں کو شاباش دیتی ہوں۔ پنجاب کے عوام سے کہتی ہوں میں اور میری پوری حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔