نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریائے چناب اور راوی میں سیلابی صورتِ حال کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سیلابی ریلوں کی آمد کے باعث دریائے چناب کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، 31 اگست کو تریمو بیراج میں پانی کا بہاؤ 7 سے 8 لاکھ کیوسک تک متوقع ہے، جس کے باعث تریمو بیراج میں شدید سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتِ حال جھنگ اور ملحقہ علاقوں کو متاثر کرے گی، سیلابی ریلے 3 ستمبر تک پنجند پہنچیں گے جہاں 6 لاکھ 50 ہزار سے 7 لاکھ کیوسک بہاؤ متوقع ہے اور وہاں بھی شدید سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے، حافظ آباد، چنیوٹ، ملتان، پنجند، بہاولپور کے علاقوں میں انخلاء کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ دریائے راوی میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے، یکم ستمبر تک سیلابی ریلہ سدھنائی پہنچے گا جہاں خطرناک حد 1 لاکھ 25 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک تک متوقع ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلاب سے متاثر ہونے والی ہائی رسک یونین کونسلز میں لاہور کے علاقے شاہدرہ، کوٹ محبو، جیا موسیٰ، عزیز کالونی، قیصر ٹاؤن، فیصل پارک، دھیر، کوٹ بیگم شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ ہائی رسک یونین کونسلز میں شیخوپورہ، فیروز والا میں فیض پورخو، دھمیکے، ڈاکہ، برج عطاری، کوٹ عبدالمالک، ننکانہ صاحب کا علاقہ گنیش پور، ضلع قصور، پتوکی میں پھول نگر، رکھ خانکے، نتی خالص، لمبے جگیر، کوٹ سردار، ہنجرائے کلاں، بھتر وال کلاں، ضلع خانیوال میں غوث پور، میاں چنوں، امید گڑھ، کوٹ اسلام، عبدالحکیم اور کبیر والا بھی شامل ہیں۔