سکھر، ملتان، لاہور اور راولپنڈی کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے میوزیکل شو ’پاکستان آئیڈل‘ کے آڈیشنز کراچی میں شاندار انداز میں منعقد ہوئے، جہاں میوزک کے دیوانوں نے ریکارڈ توڑ شرکت کر کے سب کو حیران کر دیا۔
صبح سویرے ہی آرٹس کونسل کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں اور نوجوان لڑکے لڑکیاں اپنی آواز کا جادو جگانے کے لیے بے تاب دکھائی دیے، موج مستی اور میوزک کا سب سے بڑا شو ’پاکستان آئیڈل‘ سب سے پہلے ’جیو ٹی وی‘ پر دکھایا جائے گا۔
کراچی آڈیشن کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں بصارت سے محروم 2 لڑکیاں مہک اور نور افشاں بھی آئی تھیں، دونوں کی آواز نے ہر ایک کو اپنے سحر میں جکڑ لیا، مہک نے کلاسیکل میوزک کی تربیت لے رکھی ہے۔
اردو، سندھی، بلوچی، سرائیکی، براہوی زبان میں بھی لڑکے لڑکیوں نے گانے گا کر چار چاند لگا دیے۔
آرٹس کونسل میں میوزک کا سماں بندھا رہا، لڑکے لڑکیاں ریہرسل کرتے دکھائی دیئے، کچھ نوجوانوں کے ہاتھوں میں گٹار بھی تھے جو اپنی دھن اور گانوں کی پریکٹس کرتے نظر آئے۔
کراچی کے آڈیشنز میں ایسی سریلی اور جاندار آوازیں سامنے آئیں کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔
طلبہ، طالبات، گلوکاری کے شوقین نوجوان، ریاضت کر کے آنے والے اور پروفیشنل سنگرز نے بھی بڑی تعداد میں اس آڈیشن میں حصہ لیا اور اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے ججز کے دل جیت لیے۔
اُمید کی جا رہی ہے کہ کراچی سے منتخب کئی سریلی آوازیں جلد پاکستان آئیڈل کے بڑے اسٹیج پر نظر آئیں گی۔
آرٹس کونسل کے در و دیوار سارا دن سریلے نغموں اور دلکش دھنوں سے گونجتے رہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ’پاکستان آئیڈل‘ کے آڈیشنز سکھر، ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں ہو چکے ہیں، جہاں فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا، تاہم کراچی میں ہونے والے آڈیشنز کو سب سے زیادہ شاندار اور یادگار قرار دیا جا رہا ہے۔
شو کے منتظمین کا کہنا ہے کہ کراچی کے فنکاروں نے اپنی تخلیقی قوت اور گلوکاری کے کمال سے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
میوزک کے شائقین کا کہنا ہے کہ کراچی میں منعقدہ آڈیشنز نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہ شہر صرف روشنیوں کا نہیں بلکہ فن اور موسیقی کے دیوانوں کا بھی ہے، جہاں کے نوجوان عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
کراچی میں میوزک کا بڑا ٹیلنٹ سامنے آیا جو یقیناً آگے جا کر اپنے فن کو منوائیں گے۔