سابق گورنر سندھ زبیر عمر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا سب سے بڑا جھوٹ یہ کہنا ہے کہ جب سے میں وزیرِ اعظم بنا ہوں پاکستان میں کرپشن ہی نہیں ہوتی۔
زبیر عمر نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنماؤں سینیٹر راجہ ناصر عباس اور اسد قیصر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ گندم میں 300 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، اکاؤنٹنٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق چینی میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔
سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 10 برسوں میں ہم نے آئی پی پیز میں 8 اعشاریہ 4 ٹریلین کا بوجھ اٹھایا، آئی پی پیز سے ایسے معاہدے ہوئے کہ خریداری روپے اور واپسی ڈالرز میں ہوئی۔
اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم ایک مشکل بحران سے نکل کر دوسرے میں داخل ہو جاتے ہیں، پاکستان کے مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ معیشت ہے۔