سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے مچھر کالونی سے شہریوں کے اغواء میں ملوث بدنامِ زمانہ ملزم محمد نور عرف منا ڈانسر کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی اور ایک عدد موبائل فون بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹرز میں اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج ہے۔
14 اگست کو ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں نے مزارِ قائد کے قریب سے 15سالہ بچے راشد بلیدی کو اغواء کرنے کی کوشش کی تھی جس میں ان کے 7 ساتھی رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اغواء برائے تاوان، پولیس مقابلوں، اقدامِ قتل اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ایک ساتھی محمد آصف ولد اکبر کے ساتھ مل کر یکم اگست 2025ء کو کراچی کے علاقے جمعہ گوٹھ، ابراہیم حیدری کورنگی سے ایک 19 سالہ عورت کو اغواء کر نے میں بھی ملوث ہے، واقعے کی ایف آئی آر تھانہ ابراہیم حیدری میں درج ہے۔
ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں اور وہ پہلے بھی کئی بار جیل جا چکا ہے۔