وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں بہادری، اتحاد اور عزم کا دن ہے، 60 سال قبل بہادر افواج نے عوام کے تعاون سے دشمن کی جارحیت ناکام بنائی، 1965ء کا وہ ناقابلِ تسخیر جذبہ آج بھی زندہ ہے۔
یومِ دفاع و شہدائے 6 ستمبر پر پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ حالیہ معرکۂ حق میں ایک بار پھر مسلح افواج اور عوام آہنی دیوار بن گئے، ہماری فوج، بحریہ اور فضائیہ نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تزویراتی ویژن نے دشمن کا تکبر مٹا کر نئی تاریخ رقم کی، آج کے دن ہم اپنے بہادر شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ہمارے شہداء نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی جرأت آئندہ نسلوں کے لیے مثال ہے، پاکستان دنیا کے ساتھ پُرامن، بقائے باہمی اور تعمیری روابط کی پالیسی پر کاربند ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم بھارتی اشتعال انگیزیوں اور بدلتے علاقائی تناظر کی حقیقت سے غافل نہیں رہ سکتے، ہم اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط اور جدید بناتے رہیں گے، غیر ملکی پراکسیوں کی دہشت گردی کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان کو ختم کرنے میں بے پناہ پیش رفت کی، اس مشن کی تکمیل تک قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم لوگوں سے یک جہتی کا اعادہ کرتے ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا، ہم فلسطین میں جاری مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے، عالمی برادری غزہ کے لوگوں کو ضروری انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قومی دفاع معاشی استحکام کے بغیر ممکن نہیں، ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ہی ہم پائیدار خوش حالی اور خود انحصاری حاصل کر سکتے ہیں، اس یومِ دفاع و شہداء پر قائدِ اعظم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے لازوال اصولوں کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک محفوظ، متحد، خوش حال پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر محنت کرنے کا اعادہ کریں، پاکستانی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائند باد۔