کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کے ٹیکس میں اضافہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق کے ایم سی نے کمرشل اور انڈسٹریل صارف کے بل میں 350 روپے کا اضافہ کیا ہے، اب 400 روپے کے بجائے 750 روپے لیے جائیں گے۔
میونسپل کمشنر افضل زیدی نے کہا کہ شہریوں سے ایم یو سی ٹی کی مد میں کوئی نئے چارجز نہیں لیے جارہے ہیں، ماضی میں 5 ہزار روپے انڈسٹریل اور کمرشل صارفین سے لیے جاتے تھے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ٹیکس ابتدائی طور پر 400 روپے کیا تھا، جسے اس بجٹ میں بڑھایا گیا ہے۔
افضل زیدی نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس بڑھانے کے باوجود اب بھی ماضی کے مقابلے میں 85 فیصد کم ٹیکس لیا جا رہا ہے، میونسپل ٹیکس سے فائر بریگیڈ اور سڑکوں کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔