دبئی (نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ سپر فور مرحلے کا آخری میچ جمعے کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم دونوں میچ جیت کر اتوار کے فائنل میں کوالی فائی کرچکی ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم دونوں سپر فور میچ ہارکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے ۔ اس لئے یہ میچ غیر اہم ہے۔ امکان ہے کہ بھارت اپنی بنچ کے کھلاڑیوں کو موقع دے کر پریکٹس فراہم کرے گا۔ سری لنکا کے بیٹنگ کوچ تھلینا کندمبی کا کہنا ہے کہ سپر فور مرحلے میں سری لنکن ٹیم توقعات پر پورا نہ اتر سکی۔ بنگلہ دیش کے خلاف 168 رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی ۔ پاکستان کے خلاف تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں کارکردگی مایوس کن رہی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنا ہوگا۔ بھارت کے خلاف بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، سری لنکن شائقین کو ٹیم سے بھارت کے خلاف بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔