• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنقید کرنے والوں کو مریم نواز کے منصوبوں تک پہنچنے کیلئے بڑی محنت کرنا پڑے گی: رانا ثناء اللّٰہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ مریم نواز نے مسلم لیگ ن کو اپنی سیاست سے مضبوط کیا، تنقید کرنے والوں کو مریم نواز کے منصوبوں تک پہنچنے کے لیے بڑی محنت کرنا پڑے گی۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ میڈیا کوریج بہت ہے، پنجاب حکومت کی عوامی خدمت پر کوریج میڈیا کی مجبوری ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بس منصوبے پر پورا فیصل آباد مریم نواز کا شکر گزار ہے، الیکٹرک بس سے فیصل آباد کے بزرگوں اور خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڑھ سال میں مریم نواز نے خدمت کی سیاست کو عروج دیا، انہوں نے پنجاب میں صحت کے مختلف منصوبے شروع کیے، پنجاب میں لوگوں کو ان کی دہلیز پر ادویات مل رہی ہیں، آج میزبان پنجاب حکومت اور مہمان عوام ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں لوگوں کا استحصال کیا گیا، مسلم لیگ ن نے سیاست کے لیے قربانیاں دیں، جیلیں کاٹیں، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ  پوری پارٹی قید تھی اور مریم نواز نے اس وقت پارٹی سنبھالی، کراچی سے کوئٹہ تک ن لیگ کو مریم نواز نے سنبھالا، ان کی قیادت میں پنجاب ترقی یافتہ پنجاب بنے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت کی مصروفیت عوامی خدمت پر اور ناقدین کا وقت تنقید میں گزرتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید