• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا خوف، بھارت نے آذربائیجانی کارگو پرواز کو اپنی فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی

پاکستان سے بدترین شکست کو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بھارت میں پاکستان کا خوف بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ باکو سے چنئی جاتے ہوئے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والے کارگو طیارے کو کولمبو کے سفر کیلئے بھارتی فضائی حدود استعمال نہیں کرنے دی گئی۔ 

مذکورہ پرواز معمول کا محض 3 گھنٹے کا سفر سوا 7 گھنٹے میں طے کرکے طویل ترین روٹ سے منزل تک پہنچی۔

باکو سے بھارتی شہر چنئی جاتے ہوئے پرواز زیڈ پی 4771 نے فنی خرابی پر 23 ستمبر کو کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔ بھارتی فضائی حدود سے واپس کراچی آنیوالے اس ائی ایل 76 کارگو طیارے کو 5 دن تک کراچی میں گراؤنڈ رکھا گیا۔ غیرملکی کمپنی کی نگرانی میں کارگو طیارے کی مرمت کا کام گذشتہ روز مکمل ہوا۔ 

طیارے کی سابقہ منزل چنئی تھی مگر فنی خرابی دور ہونے پر طیارے کو کولمبو جانا تھا مگر بھارت نے مبینہ طور پر اپنی فضائی حدود میں سفر کی اجازت نہ دی۔ طیارہ 5 دن بعد کراچی سے اڑان بھر کر منزل کے مخالف سمت میں روانہ ہوا اور بلوچستان میں گوادر سے ایران میں داخل ہوا۔ 

جہاں  سے طیارے نے متحدہ عرب امارات میں دبئی اور پھر واپس مسقط کا سفر کیا۔ طیارہ عمان سے بحیرہ عرب پر طویل ترین سفر کرکے مالدیپ کے روٹ سے سری لنکا پہنچا۔ 

طیارے نے بھارتی فضائی حدود سے بچتے ہوئے سوا 4 گھنٹے اضافی سفر کرکے کولمبو میں لینڈ کیا۔ کراچی سے بھارتی فضائی حدود سے گذر کر کولمبو کے فضائی سفر پر 3 گھنٹے لگتے ہیں، لیکن طیارے نے کراچی سے 7 گھنٹے سے زائد وقت میں کولمبو کا سفر کیا۔

طیارے کو بھارتی فضائی حدود میں سفر کی اجازت نہ دینے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں۔ تاہم کہا جا رہا ہے کہ مودی سرکار کی جانب سے جنگ میں بدترین شکست کے بعد ہر معاملے میں خوف پایا جاتا ہے۔ 

واضح رہے کہ دنیا بھر سے بھارت کا سفر کرنے والی غیر ملکی ایئر لائنز پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے بھارت کے مختلف شہروں تک جاتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید