• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوال کرنے پر بانی پی ٹی آئی کی صحافی سے بدتمیزی، معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان: فائل فوٹو
بانی پی ٹی آئی عمران خان: فائل فوٹو 

سینئر صحافی اعجاز احمد سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اڈیالہ جیل میں دوران سماعت بدتمیزی کے معاملے پر  پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن الیکشن کمیٹی نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کی درخواست کردی۔

پی آر اے الیکشن کمیٹی، سینئر ممبران کی قومی اسمبلی اجلاس کےدوران واک آؤٹ کی درخواست کی گئی، درخواست چیئرمین پی آر اے الیکشن کمیٹی طارق سمیر نے وفد کےہمراہ اسپیکر سردار ایاز صادق کو دی۔

سینئر صحافی اعجاز احمد نے اسپیکر قومی اسمبلی، دیگر پارلیمانی رہنماؤں کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ سینئر صحافی، معزز ممبر پی آر  اے اعجاز احمد کو بانی پی ٹی آئی نے سوال کرنے پر گالم گلوچ کی۔

پارلیمنٹیری رپورٹرز ایسوسی ایشن نے بانی پی ٹی آئی کی گفتگو کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن آج قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کرے گی۔

بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معاملہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ ایسا رویہ قابل مذمت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ الزام تراشی اور دھونس و دھمکی پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے۔

ایاز صادق نے سینئر صحافی کے تحفظ کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست بھجوانے کی ہدایت کردی۔

قومی خبریں سے مزید