پاکستان کے مشہور کامیڈین کاشف خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کی دلچسپ یادیں شیئر کیں۔
اُنہوں نے انکشاف کیا کہ سلمان خان کراچی کی مشہور بریانی اور حلیم کے بہت بڑے مداح ہیں، برنس روڈ سے ان کے لیے بریانی اور حلیم لے کر جایا کرتا تھا اور اُنہیں وہ بہت پسند آتی تھی۔
کامیڈین نے اپنی بیٹی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے پہلے لوگوں نے میری بیٹی ربیکا خان کے یہ دعویٰ کرنے پر مذاق اڑایا کہ’سلمان خان اور شاہ رخ خان اس کے والد کے مداح ہیں‘ مگر حقیقت یہی ہے کہ بہت سارے بھارتی اداکاروں نے میرے کام کی تعریف کی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ 2013ء سے قبل جتنے بھی پاکستانی اداکاروں نے بھارت میں کام کیا ان کو اس وقت سوشل میڈیا کی غیر موجودگی کی وجہ سے اتنی زیادہ مقبولیت نہیں ملی جو اب فنکاروں کو ملتی ہے۔
کاشف خان نے کہا کہ میں اکثر اپنی فیملی کو ساتھ لے کر بھارت جاتا تھا، شاہ رخ خان اور سلمان خان سمیت بالی ووڈ کے کئی نامور اداکار میرے بچوں کے بارے میں جاننا چاہتے تھے اور میرے بچوں نے ان سے ملاقات بھی کی۔
اُنہوں نے ربیکا خان کی شادی پر بالی ووڈ کے بڑے اداکاروں کی جانب سے فون آنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سلمان خان یا شاہ رخ خان میں سے کسی نے بھی مجھے مبارکباد دینے کے لیے فون نہیں کیا اور مجھے لگتا ہے کہ موجودہ صورتحال کے حساب سے یہی بہتر ہے کیونکہ ایک فون کال بھی آج بھارتی اداکاروں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔