• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی آئی خان: پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ، آپریشن مکمل، 5 دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ اسکول میں 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب حملہ کیا گیا، دہشت گردوں نے اسکول کی بیرونی سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنادیے، پولیس اہلکاروں نے 3 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کیا جبکہ 2 دیگر دہشت گردوں کو عمارت میں گھیر کر سیکیورٹی فورسز نے ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران انجام تک پہنچایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 بہادر پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا، شہید پولیس اہلکاروں میں تربیت پانے والے جوان بھی شامل تھے جبکہ 12 پولیس اہلکار اور ایک بے گناہ شہری زخمی ہوا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ حملے کے دوران دہشت گردوں نے اسکول کمپلیکس کی مسجد پر بھی حملہ کیا، دہشت گردوں نے عبادت گاہ کی بے حرمتی کی اور امام مسجد کو شہید کردیا۔

قومی خبریں سے مزید