کراچی کے علاقے ناظم آباد میں غیر قانونی پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا۔
واٹر کارپوریشن اور سندھ رینجرز نے کارروائی کی، جس میں خفیہ سرنگوں کے ذریعے زیرِ استعمال 8 غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے۔
ترجمان واٹر کارپورپشن کے مطابق 3 ماہ قبل پکڑے گئے کنکشن کے بعد دوبارہ پانی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس معاملے پر کہا ہے کہ اینٹی تھیفٹ ٹیم نے کارروائی میں 8 غیر قانونی کنکشن ختم کیے، جن سے روز 30 لاکھ گیلن پانی چوری ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے کنکشن گھر کے تہہ خانے سے خفیہ سرنگوں کے ذریعے نکالے گئے تھے، چوری شدہ پانی شہریوں اور ادارے دونوں کے لیے نقصان دہ تھا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ رینجرز نے کارروائی کے دوران ٹیم کو مکمل تحفظ فراہم کیا، عدالتوں اور ٹریبونل کے ذریعے ملوث افراد پر مقدمات چلیں گے۔
اُن کا کہنا ہے کہ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، پانی چوری کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔