امریکی حکام نے بھارتی نژاد خارجہ پالیسی کے ماہر ایشلی ٹیلِس کو خفیہ دفاعی دستاویزات غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
محکمۂ انصاف کے مطابق ورجینیا میں ان کے گھر سے ایک ہزار سے زائد ٹاپ سیکرٹ دستاویزات ملی ہیں، جن میں امریکی فوجی طیاروں کی صلاحیتوں سے متعلق معلومات بھی شامل تھیں۔
محکمۂ انصاف کا کہنا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر انہیں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ وہ کئی دہائیوں سے امریکی حکومت سے منسلک ہیں، جس کے باعث انہیں حساس دفاعی معلومات تک رسائی حاصل تھی۔
64 سال کے ٹیلِس بھارت میں پیدا ہوئے اور تعلیم کے لیے امریکا منتقل ہوئے۔ وہ کئی دہائیوں سے امریکی حکومت سے منسلک ہیں اور اس وقت محکمۂ خارجہ میں سینئر مشیر ہیں۔
ٹیلِس ماضی میں صدر جارج ڈبلیو بش کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے رکن رہ چکے ہیں اور حالیہ عرصے میں محکمۂ دفاع کے کنٹریکٹر تھے، جس کے باعث انہیں حساس دفاعی معلومات تک رسائی حاصل تھی۔
ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ٹیلِس نے حالیہ برسوں میں چینی حکام سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں۔
ایف بی آئی کے مطابق گزشتہ دو ماہ میں ٹیلِس کو کئی بار محکمۂ خارجہ اور دفاع کی عمارتوں میں خفیہ دستاویزات پرنٹ کرتے دیکھا گیا اور اُنہیں بریف کیس کے ساتھ عمارت سے نکلتے بھی ریکارڈ کیا گیا۔