وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار شاہ نے کہا کہ لیجنڈ ٹرسٹ کا کام مستحق فنکاروں اور اداکاروں کی مالی معاونت کرنا ہے۔ اب تک 6 کروڑ روپے سے زائد رقم جعلسازی سے نکالنے کی معلومات ملی ہیں۔
جیو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لیجنڈ ٹرسٹ فراڈ کے معاملہ کی اینٹی کرپشن تحقیقات کرے گا۔
وزیر ثقافت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ یہ ٹرسٹ گورنر ہاؤس کی زیر نگرانی کام کرتا ہے، جعلسازی کے ذریعے محکمہ ثقافت کا لیٹر ہیڈ استعمال کیا گیا ہے۔
ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ بینک سے چیک بک نکلوا کر کیش رقم نکالی گئی، خردبرد سے غریب اور مستحق فنکاروں کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ تحقیقات سے بینک اور سرکاری ملازمین کی ملی بھگت کا پتہ چلے گا، وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو لیجنڈ ٹرسٹ فنڈ میں چوری کا بتا دیا ہے۔