• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ عرب امارات نے ’آئی‘ سسٹم متعارف کرا دیا، ورک پرمٹ کا حصول چند دنوں میں ممکن

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے آسان اور تیز تر ورک پرمٹ جاری کرنے کے لیے نیا سسٹم متعارف کرایا ہے جس کا نام ’آئی‘ (Eye) رکھا گیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ نیا سسٹم خاص طور پر ورک پرمٹ (مزدوری یا ملازمت کے رہائشی اجازت نامے) کو جلد اور آسانی سے جاری کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

نیا سسٹم آرٹیفیشل انٹیلجنس (AI) کی مدد سے تیار کیا گیا ہے جو انسانی مدد کے بغیر از خود کاغذات اور دستاویز چیک کر سکتا ہے۔

اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ جو افراد متحدہ عرب امارات میں ملازمت کرنے کے خواہشمند ہیں، وہ جب اپنے کاغذات جمع کرائیں گے، تو ’آئی‘ (Eye) سسٹم خودکار طریقے سے پاسپورٹ، تصاویر، تعلیمی اسناد، ملازمت کا معاہدہ، میڈیکل رپورٹ اور کمپنی کے کاغذات (جیسے ٹریڈ لائسنس) کی جانچ پڑتال کر لے گا۔

حکام نے بتایا ہے کہ تمام دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد فوری ورک پرمٹ جاری ہو جائے گا اور اگر ’آئی‘ سسٹم کو کچھ شک ہو گا تو یہ خود کار نظام درخواست کو سرکاری افسر کی جانب بھیج دے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے ورک پرمٹ نظام سے وقت بچے گا، غلطیاں کم ہوں گی اور لوگوں کے لیے آسانی ہو گی۔

حکام نے بتایا ہے کہ پہلے ورک پرمٹ جاری کرنے میں 30 دن لگ سکتے تھے، لیکن اب یہ کام چند دنوں میں ممکن ہو گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید