• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: 16سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد، مرکزی ملزم گرفتار

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

سرگودھا پولیس نے لاہور میں 16 سالہ گھریلو ملازمہ پر ہونے والے بہیمانہ تشدد کا مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ میاں بیوی سمیت تین ملزمان کے خلاف متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سرگودھا کے رہائشی نے الزام عائد کیا کہ پانچ ماہ قبل ملزم اِن کی 16 سالہ بیٹی کو لاہور میں اپنی بہن کے گھر ملازمت کے لیے لے گیا تھا، چار ماہ بعد وہ اپنی بیٹی کو ڈھونڈتے ہوئے لاہور پہنچے تو ملزمان نے بچی واپس کر دی مگر تشدد کی شکایت کرنے کی صورت میں اِنہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

متاثرہ ملازمہ بچی نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان معمولی غلطی پر اسے بھوکا رکھتے تھے، بجلی کا کرنٹ لگاتے اور شدید تشدد کا نشانہ بناتے تھے جبکہ اِس کے سر کے بال بھی کاٹ دیے۔

پولیس نے تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مبینہ تشدد میں ملوث مرکزی ملزم کو لاہور سے گرفتار کر کے آج صبح سیشن کورٹ سے اِس کا 2 روزہ ریمانڈ لے لیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید