پاکستان کی معروف اداکارہ مدیحہ شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار کے ساتھ فلم میں کام کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے یہ موقع ٹھکرادیا اور اپنے ملک میں کام کرنے کو ترجیح دی۔
مدیحہ شاہ پاکستانی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز ٹیلی ویژن سے کیا اور بعدازاں فلموں کی دنیا میں قدم رکھا، وہ اب تک سیکڑوں فلموں میں کام کر چکی ہیں اور تھیٹر اسٹیج پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان کے فلم مجاجن میں پُراثر بیوی کے کردار کو آج بھی شائقین یاد کرتے ہیں۔
اداکارہ حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں مہمان بنیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، شائقین کی محبت اور غیر ملکی پروجیکٹس کے بارے میں گفتگو کی۔
مدیحہ شاہ نے بتایا کہ مجھے بھارت سے ایک بڑی فلم کی آفر ہوئی تھی جس میں ہیرو اکشے کمار تھے، لیکن میں نے انکار کر دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ فلم موہرا تھی، جو آج بھی اپنے مشہور گانے ’تو چیز بڑی ہے مست مست‘ کی وجہ سے یاد کی جاتی ہے۔
مدیحہ شاہ نے کہا کہ اُس وقت میں نے بھارت جانے کے بجائے اپنے ملک کے پروجیکٹس کو ترجیح دی، جبکہ میری اسٹیج پرفارمنس کو بھارت کی مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی اور انیل کپور کے والد نے بھی بہت پسند کیا تھا، جو مجھے دیکھنے کے لیے خصوصی طور پر شو میں آئے تھے۔
مدیحہ شاہ کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے فن کو عزت کے ساتھ پیش کیا اور اپنے وطن کے شائقین کی محبت کو سب سے بڑھ کر سمجھا۔