پنجاب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکی باشندوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ جاری ہے، پولیس 21 ہزار 900 سے زائد افغانیوں سمیت غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کر چکی ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق 423 غیرقانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، ڈی پورٹ ہونے والوں میں رہائشی ثبوت والے 6007، افغان سٹیزن کارڈ والے 10 ہزار 861 افراد شامل ہیں جبکہ ڈی پورٹ ہونے والوں میں غیرقانونی طور پر مقیم 5 ہزار 41 غیر ملکی شامل ہیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب، عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور میں 5 اور صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیرقانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنا رہے ہیں۔
عثمان انور کے مطابق بین الاقوامی قوانین کے تحت غیرقانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کو مکمل طور پر مدِنظر رکھا جا رہا ہے۔