نوجوان اداکار ارسلان خان نے بھارت سے موصول ہونے والی اداکاری کی پیشکش کا دلچسپ واقعہ سنادیا۔
ارسلان خان اور ان کی اہلیہ حرا خان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی مقبول جوڑی سمجھی جاتی ہیں۔ دونوں اپنی اداکاری اور محبت کی وجہ سے مداحوں کے دلوں میں جگہ بنا چکے ہیں، حال ہی میں یہ جوڑی جیو ٹی وی کے پروگرام ’ہسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئی، جہاں ارسلان خان نے اپنے کیریئر اور ایک دلچسپ واقعے پر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ میرا کیریئر ماڈلنگ سے شروع ہوا اور بعد میں ڈراموں کی جانب آیا، حال ہی میں میرا ڈرامہ رسمِ وفا کافی مقبول ہوا ہے۔
پروگرام کے دوران ارسلان نے بتایا کہ ایک دن انہیں سوشل میڈیا پر ایک میسج موصول ہوا، جس میں انہیں ایک سیریز کی پیشکش کی گئی، ارسلان نے رابطے کے لیے نمبر دیا تو دوسری جانب سے بجٹ اور شوٹنگ کے حوالے سے تفصیلات طلب کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ شروع میں مجھے سب کچھ نارمل لگا، مگر جب انہوں نے شوٹنگ کے لیے جو شہر بتایا، تو میں نے گوگل پر چیک کیا اور پتا چلا کہ وہ بھارت کا شہر ہے، تب مجھے احساس ہوا کہ وہ مجھے بھارتی اداکار سمجھ کر آفر کر رہے ہیں۔
ارسلان خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ میرے لیے دلچسپ اور عجیب دونوں تھا، کیونکہ یہ میرے کیریئر کے آغاز میں پیش آیا تھا اور مجھے اندازہ نہیں تھا کہ بیرونِ ملک سے بھی ایسی آفرز آ سکتی ہیں۔