پاکستان میوزک انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے ’پاکستان آئیڈل 2‘ کے ججز کے پینل میں اداکار و گلوکار فواد خان کی شمولیت پر اعتراض اٹھا دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے فنکاروں کو جج نہیں بننا چاہیے جن کا موسیقی سے کوئی تعلق ہی نہیں، انہیں اپنی مہارت سے ہٹ کر کسی دوسرے شعبے کے کام کو جج کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
خیال رہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا موسیقی شو ’پاکستان آئیڈل‘ ایک طویل وقفے کے بعد شاندار انداز میں دوبارہ پیش کیا جارہا ہے، جس میں ملک بھر سے نئے گلوکار امیدوں اور خوابوں کے ساتھ اپنی آواز کا جادو چلانے اسٹیج پر اُترے رہے ہیں۔
پاکستان آئیڈل کے دوسرے سیزن کے ججز پیل میں معروف گلوکار بلال مقصود، راحت فتح علی خان، زیب بنگش کے ساتھ ساتھ فواد خان بھی شامل ہیں۔ تاہم فواد خان کی بطور جج پروگرام میں شمولیت پر کئی سوال اُٹھائے جا رہے ہیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں حمیرا ارشد نے بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے شکوہ کیا کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہو رہا ہے کہ پاکستان آئیڈل میں کوئی ایسے فنکار بیٹھے ہیں کہ جن کا موسیقی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں تو ہوتا ہی یہ ہے کہ ایسے لوگ جج بن کے بیٹھ جاتے ہیں جن کا موسیقی سے کوئی لینا دینا ہی نہیں ہے، ایسے ججوں کو خود بھی شرم آنی چاہیے کہ ہمارا جب اس سے کوئی تعلق نہیں ہے تو ایسے پروگرام میں نہیں جائیں، بلکہ یہ کہیں کہ جو اس سے متعلقہ افراد ہیں انہیں جج بنائیں۔
گلوکارہ نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کے بعض معاملات اسپانسرز کے ہوتے ہیں، لوگ بھی انہیں پسند کرتے ہیں تو یہ بھلے پروگرام میں خود بھی ججز کے ساتھ بطور سیلیبرٹی بیٹھ جائیں جو اپنی رائے دے لیکن بطور جج ایسے فنکاروں کو بٹھانا غلط بات ہے۔
میں گلوکارہ ہوں اگر میں کسی انجینئر کو جاکے مشورے دوں تو مجھے بھی شرم آنی چاہیے، مجھے ایسی صورت میں خود ہی کہہ دینا چاہیے کہ میں یہ کام نہیں کرسکتی، یہ تو خود ہی اپنا مذاق بنانے والی بات ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میں دیکھ رہی تھی ایک بندہ گا رہا ہے، جسے سن کر ہنسی آ رہی تھی لیکن جج رو رہا تھا۔ ہمارے پروگرام میں لیجنڈ گلوکاروں کو نظرانداز کیا جاتا رہا ہے اور ایسے فنکاروں کو جج بنا دیا جاتا ہے جنہیں موسیقی کا کچھ پتہ ہی نہیں ہے۔
یہاں یہ واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ اداکار فواد خان نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز راک میوزک بینڈ ’ای پی‘ (اینٹیٹی پیراڈائم) سے کیا تھا، بعدازاں وہ اداکاری کے میدان میں آئے اور شاندار کامیابی حاصل کی۔