اقوامِ متحدہ کے قیام کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان نے عالمی امن، ترقی اور انسانی وقار کے فروغ کے لیے اپنے عزم کو ایک بار پھر دہرا دیا۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اقوامِ متحدہ عالمی تنازعات کے حل، انسانی بحرانوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی چیلنجز پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مساوات، عدم مداخلت، حقِ خودارادیت اور تنازعات کے پُرامن حل کے اصولوں پر مبنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 1960 سے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں فعال کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی امن کے قیام کےلیے اپنی خدمات جاری رکھے گا۔
دفترِ خارجہ نے کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، جو عالمی ضمیر کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کے پلیٹ فارم سے عالمی امن و انصاف کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کے منشور کی روشنی میں امن، ترقی اور انسانی وقار کےلیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔